تاثیر 09 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
تہران،09نومبر:امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے نو منتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزام میں ایرانی پاسداران انقلاب سے وابستہ ایک شخص کی گرفتاری کے اعلان کے بعد تہران نے اس معاملے سے مکمل لا تعلقی کا اعلان کیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں زور دے کر کہا کہ اس طرح کے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ “یہ الزامات کہ ان کا ملک سابق یا موجودہ امریکی عہدیداروں کو نشانہ بنانے والے قاتلانہ حملے میں ملوث تھا ایک مکروہ سازش ہے”۔انہوں نے کہا کہ”امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید پیچیدہ کرنے کے لیے اس کے پیچھے صہیونی حلقوں کا ہاتھ ہے”۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تہران “اپنے عوام کے حقوق کے حصول کے لیے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر تمام جائز اور قانونی ذرائع استعمال کرے گا”۔ جمعہ کو امریکی محکمہ انصاف نے اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن پولیس نے ایک افغان شخص کو گرفتار کیا ہے جسے پاسداران انقلاب نے ٹرمپ کے قتل کے منصوبے کو انجام دینے کے لیے بھرتی کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کا نام فرہاد شاکری ہے۔