تاثیر 03 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 3 نومبر: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے بدھنی اور وجے پور اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات سے قبل حکومت کو گھیرتے ہوئے کئی مسائل پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کئے گئے کئی وعدے جھوٹے ثابت ہوئے۔ ساتھ ہی انہوں نے لاڈلی بہنا یوجنا میں نئے استفادہ کنندگان کو شامل کرنے سے متعلق رکے ہوئے کام پر بھی حملہ بولا ہے۔سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے اتوار کو سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ مدھیہ پردیش کے سیہور ضلع کی بدھنی اسمبلی سیٹ اور شیوپور ضلع کی وجے پور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے یہ دونوں ضمنی انتخابات عوام کو یہ موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ گزشتہ 10 مہینوں میں حکومت کے کام کا جائزہ لیں اور حکومت کو اس کے فرض سے واقف کرائیں۔ یہ ضمنی انتخابات عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے حکومت کو جگانے اور آئینہ دکھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات 2023 میں جھوٹے وعدے کرکے اقتدار میں آنے والی بی جے پی حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔