تاثیر 06 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں، 6 نومبر: ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کی ہدایات پر اور ڈپٹی کمشنر ادھم پور سلونی رائے کی نگرانی میں میونسپل کونسل، ریونیو اور پولیس محکمے کے افسران پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم نے ٹینڈر کی معیاد ختم ہونے کے بعد ریوآیت بینکوئٹ ہال کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا۔ اس کارروائی کی قیادت ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل وشال سدھوترہ، تحصیلدار اور اسٹیشن ہاؤس آفیسر نے مشترکہ طور پر کی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق ریوآیت بینکوئٹ ہال کی لیز 2016-17 میں پانچ سے سات سال کی مدت کے لیے بکرَم سنگھ سلاتھیہ کو دی گئی تھی۔ ٹینڈر کی معیاد پوری ہونے کے بعد میونسپل کونسل نے دوبارہ سے اس کی ملکیت حاصل کرلی تاکہ عوامی مفاد میں اس کا بہترین استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ ایگزیکٹو آفیسر وشال سدھوترہ نے عوام کو مطلع کیا کہ جن افراد کی بینکوئٹ ہال میں پہلے سے بکنگ موجود ہے، وہ رہنمائی اور معاونت کے لیے میونسپل کونسل کے دفتر سے رجوع کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ منتقلی کے اس عمل میں میونسپل کونسل عوام کو مکمل تعاون فراہم کرے گی اور کسی بھی قسم کی پریشانی کا حل پیش کرے گی۔ قابل ذکر ہے کہ لیز کی میعاد پوری ہونے کے بعد بکرَم سنگھ سلاتھیہ نے عدالت میں دعویٰ دائر کیا تھا، تاہم 8 اگست 2023 کو عدالت نے میونسپل کونسل ادھم پور کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے درخواست گزار کو عمارت خالی کرنے اور تمام واجبات ادا کرنے کا حکم دیا۔