تاثیر 28 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ہگلی 28/ نومبر (تاثیر بیورو) رشڑا کے عوام کو رشڑا سیوا سدن اسپتال کی شکل میں نۓ سال کا تحفہ ملنے جا رہا ہے۔ اس کے لئے رشڑا میونسپلٹی کے چیئرمین بجئے ساگر مشرا کی قیادت میں مزکورہ اسپتال کی تعمیر نو اور جدت کاری کے لئے رسمی طور پر پوجا کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کونسلر منوج گوسوامی، ریکھا رائے، ابھیجیت گوسوامی، دیپک ساہا اور دیگر لوگ موجود تھے۔ پوجا کے بعد چیئرمین بجئے ساگر مشرا نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا رشڑا سیوا سدن اسپتال ایک زمانہ میں ہگلی ضلع کے لوگوں کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھتا تھا کیونکہ اس دور میں اسپتال بہت کم تھے لیکن کسی وجہ سے یہ 1913 میں بند ہوگیا۔ قانونی چارہ جوئی کےبعد اس خستہ حال اسپتال کو چلانا محال تھا۔ مقامی ایم ایل اے اور ایم پی کی کوشش سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس اسپتال کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی اور انہوں نے اس کے لئے 1.80 کروڑ روپئے کا فنڈ منظور کیا۔ گزشتہ سال محکمہ صحت کے افسران نے اسپتال کا دورہ کیا اور ضروری ہدایت دی۔ اب اس اسپتال کو ازسرنو شروع کرنے کے لئے اس کی جدت کاری کا کام شروع ہوگا اور نۓ سال میں عوام کے لئے خدمات کا آغاز ہو جائے گا۔ جدید آلات کی مدد سے عوام کو جدید طرز پر علاج و معالجہ کی خدمات بحال ہو جائیں گی۔ آؤٹ ڈور اور ان ڈور کے ساتھ مختلف امراض کے علاج عام لوگوں کو فراہم کۓ جائیں گے۔ چیرمین بجئے ساگر مشرا نے آخر میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے تعاون کرنے اور ایم ایل اے ڈاکٹر سدیپتو رائے اور ایم پی کلیان بنرجی کی کوشش کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا اور عوام کو نۓ سال میں اسپتال کا تحفہ دینے کی خوشخبری دی۔