تاثیر 27 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 27 نومبر: بہار کی مونگیر لوک سبھا سیٹ سے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ کے خلاف بدھ کو مظفر پور کی عدالت میں شکایت درج کی گئی ہے، جس کی اگلی سماعت 4 دسمبر کو ہوگی۔مظفر پور میں، اہیا پور کی سماجی کارکن تمنا ہاشمی نے سی جی ایم، مظفر پور کی عدالت میں شکایت درج کرائی ہے۔ مرکزی وزیر کے خلاف انڈین جسٹس کوڈ ایکٹ کی دفعہ 298، 299، 302، 352 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اس بارے میں شکایت کنندہ تمنا ہاشمی نے کہا کہ حال ہی میں مرکزی وزیر اور جے ڈی یو لیڈر للن سنگھ مظفر پور پہنچے تھے۔ ایک پروگرام کے دوران انہوں نے مسلم کمیونٹی کے لوگوں سے کہا تھا کہ مسلمان جے ڈی یو کو ووٹ نہیں دیتے۔ اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ کیونکہ اس جماعت میں تمام مذاہب کے لوگ وابستہ ہیں۔ اس کے باوجود مرکزی وزیر کا ایسا بیان دینا انتہائی قابل مذمت ہے۔