تاثیر 17 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع کے ڈہری اسمبلی حلقہ سے آر جے ڈی ایم ایل اے فتح بہادر سنگھ نے ایک بار پھر اپنا بیان دیکر پورے علاقے میں ہلچل مچا دیا ہے، ڈہری کے ہی ایک نجی اسکول میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں انہوں نے مندر کو اندھیرے کا راستہ اور اسکول کو روشنی کا راستہ بتایا ہے اور جیوتی با پھولے کا حوالہ دیتے ہوئے ایم ایل اے فتح بہادر سنگھ نے کہا کہ مندر کا راستہ توہم پرستی، منافقت اور حماقت کی طرف لے جاتا ہے اور اسکول کا راستہ روشنی کی طرف لے جاتا ہے ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ہمیں، اکثریت، کسی ہندو صحیفے میں ہندو نہیں کہا گیا، ہمیں شودر کہا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ برہمنیت کو قبول کرنے والوں کو چھتریہ بنا دیا گیا اور جن لوگوں نے انکی خدمت کی انھیں ویشیہ بنا دیا گیا اور جنہوں نے انکی بات نہیں مانی انہیں شودر بنا دیا گیا، جبکہ تمام انسان برابر ہیں اور ہر انسان میں انسانیت کا درجہ ہونا چاہئے ۔ اس پروقار تقریب میں بہت سے لوگ موجود تھے اور انہوں نے سماج کے کئی طبقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو اعزاز سے بھی نوازا ۔