تاثیر 5 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں، 5 دسمبر :جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے شیرِ کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی 119ویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دوراندیش رہنما تھے جنہوں نے جموں و کشمیر کو جابرانہ حکمرانی سے آزاد کر کے ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کی۔شیخ محمد عبداللہ بھون جموں میں منعقدہ ایک یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سریندر چودھری نے کہا کہ ہمیں ان رہنماؤں کو یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے خطے کی تاریخ کو تشکیل دیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ عبداللہ نے عوام کو آزادی اور وقار عطا کیا، جو ان کی قیادت کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔سریندر چودھری نے اس دور کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ جدوجہد کا ایک کٹھن وقت تھا، لیکن شیخ عبداللہ کی مستقل مزاجی اور قربانیوں نے ایک ایسی نسل کو متاثر کیا جس نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ عبداللہ کی قیادت خطے کے عوام کے لیے ایک روشنی کا مینار تھی، جنہوں نے نہ صرف جبر کے خلاف آواز بلند کی بلکہ مساوات اور انصاف کے اصولوں پر مبنی سماج کی تشکیل کی۔