ارکان اسمبلی کی حکومت سے حجاب قانون میں نرمی کی درخواست

تاثیر  19  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تہران ،19دسمبر:ایران میں ارکان اسمبلی نے حجاب قانون میں ترمیم کی درخواست کی ہے تاکہ سزاؤں کو کم کیا جاسکے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں ستمبر 2023 میں حجاب پہننے سے انکار کرنے والی خواتین کو سخت سزائیں دینے کا بل پارلیمنٹ سے منظور ہوچکا تھا۔
اس بل کو ابھی حتمی توثیق کے لیے کابینہ کو پیش نہیں کیا گیا جب کہ بل پر گزشتہ دو سال سے حامیوں اور مخالفین میں گرما گرم بحث جاری ہے۔
تاہم اب خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے نائب صدر برائے پارلیمانی امور شہرام دبیری نے بل کو منظوری کے لیے بھیجنے سے روکنے کی درخواست کی ہے۔شہرام دبیری کا کہنا تھا کہ ہم نے درخواست کی ہے کہ عفت اور حجاب کے قانون کو ابھی کابینہ میں نہ بھیجا جائے کیوں کہ پارلیمنٹ کے اسپیکر نے بل میں ترمیم کی درخواست کی ہے۔ایران کے نائب صدر برائے پارلیمانی امور شہرام دبیری نے قانون میں ترمیم کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی عمل درآمد کے لیے کوئی لائحہ عمل بتایا ہے۔