باجی راؤ مستانی’ کو 9 سال مکمل ہوئے

تاثیر  19  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی19 دسمبر(ایم ملک)ٹھیک 9 سال پہلے آج کے دن سنجے لیلا بھنسالی کی شاندار فلم ‘باجی راؤ مستانی’ تھیٹروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم نہ صرف ہمت، محبت اور قربانی کی کہانی ہے بلکہ ہندوستانی سنیما کی ایک بہترین مثال بھی ہے ۔ فلم میں رنویر سنگھ نے پیشوا باجی راؤ کا کردار ادا کیا، جب کہ پریانکا چوپڑا جونس نے کاشی بائی اور دیپیکا پڈوکون مستانی کے کردار میں نظر آئیں۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی اور آج بھی اپنی شان اور کہانی کی وجہ سے جانی جاتی ہے ۔پیشوا باجی راؤ میں رنویر سنگھ کے کردار کو ان کے کریئر کی بہترین پرفارمنس سمجھا جاتا ہے ۔ اس کردار کو نبھانے کے لیے انھوں نے جو محنت کی وہ فلم کے ہر فریم میں نظر آتی ہے ۔پیشوا باجی راؤ کا کردار ادا کرنا رنویر سنگھ کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔ اس کردار کے لیے انھوں نے نہ صرف خود کو جسمانی طور پر تیار کیا بلکہ خود کو اس کردار کے لیے ذہنی اور جذباتی طور پر بھی ڈھال لیا۔ رنویر نے مراٹھا جنگوں میں استعمال ہونے والی ڈنڈ پاتا تلوار کو چلانے کا فن سیکھا اور اس میں مہارت حاصل کی۔ مزید یہ کہ، اس نے مراٹھی لہجے میں مکالمے کی ترسیل کو مکمل کرنے کے لیے سخت محنت کی۔گانے ‘ملہری’ کی شوٹنگ کے دوران رنویر کے پیر میں چوٹ لگ گئی تھی لیکن چوٹ کے باوجود انہوں نے ڈانس کا پورا سلسلہ اسی جوش اور توانائی سے مکمل کیا۔ یہ ان کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک بہترین مثال ہے ۔