تاثیر 9 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
لندن،09دسمبر:شام میں مسلح اپوزیشن کی عسکری کارروائیوں کی کمیٹی کے سربراہ احمد الشرع نے اتوار کے روز دمشق کی مسجد اموی میں تقریر کی۔ اس میں ان کا کہنا تھا کہ “بشار الاسد نے شام کو ایرانی خواہشات کی کھیتی بنا ڈالا، اس نے فرقہ واریت پھیلائی اور بشار کے دور میں شام کیپٹاگون کی فیکٹری بن گیا”۔ اس منشیات کے ذریعے حکومت کے اقتصادی نظام کا پیٹ بھرا گیا اور ایران کے بعض دھڑوں کو مالی رقوم دی گئیں۔ اسی طرح اردن میں بھی نقصان پہنچا۔ لہذا اب بشار اور اس کے بھائی ماہر کے رخصت ہونے کے بعد اس منافع بخش صنعت کے انجام اور مستقبل کے حوالے سے سوالات سامنے آ رہے ہیں۔یہ بات معروف ہے کہ نشہ آور گولی کیپٹاگون کو “غریب آدمی کی کوکین” کا نام دیا جاتا ہے۔ یہ منشیات بشار اور اس کی حکومت کے لیے سالانہ 5 ارب ڈالر فراہم کرتی ہے۔ اسی وجہ سے Captagon شام کی برآمدات میں سرفہرست ہے جس سے یہ ایک “کیپٹاگونی ریاست” بن چکی ہے۔ خطے میں استعمال ہونے والی کیپٹاگون میں سے 80% شام فراہم کرتا ہے۔اردن نے صرف 2022 میں 6.5 کروڑ گولیاں پکڑی تھیں جو تمام شام سے آئی تھیں۔کیپٹاگون شام کے سیکورٹی اداروں اور اس کی ذیلی تنظیموں کے لیے فنڈنگ کا مرکزی ذریعہ رہا۔

