تاثیر 5 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 5 دسمبر: بی ایس ایف نے پنجاب پولیس کے ساتھ مل کر سرحدی اضلاع میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے تین اسمگلروں کو گرفتار کیا اور تقریباً 30 کروڑ روپے کی ہیروئن ضبط کی۔ بی ایس ایف کے ترجمان نے جمعرات کو بتایا کہ بدھ کی رات دیر گئے تلاشی مہم کے دوران بی ایس ایف اور پنجاب پولیس نے گورداسپور کے علاقے میں دو ہندوستانی اسمگلروں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 4 کلو 524 گرام ہیروئن برآمد کی۔ اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے اسکوٹر، موٹر سائیکل اور ایک لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا ہے۔بی ایس ایف کے مطابق فاضلکا علاقے میں ایک اور سرچ آپریشن کے دوران ایک اسمگلر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ تینوں اسمگلر پاکستان سے آنے والی ہیروئن کو پنجاب اور دیگر مقامات پر پہنچاتے تھے۔ اسی دوران ایک اور اطلاع کی بنیاد پر بی ایس ایف نے پنجاب کے سرحدی ضلع ترن تارن میں کارروائی کرتے ہوئے کھیتوں سے 551 گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔ یہ ہیروئن پاکستان سے بھارتی سرحد پر ڈرون کے ذریعے گرائی گئی۔ بی ایس ایف اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ کیا ترن تارن کے علاقے سے برآمد کی گئی ہیروئن کسی شخص نے اٹھانی تھی۔ معاملے کی جانچ پنجاب پولیس اور بی ایس ایف کر رہی ہے۔