زمین بیچنے پر بلڈر سے 78.35 کروڑ روپے کا دھوکہ۔

تاثیر  11  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

انیس سال بعد مقدمہ درج، اکنامک آفینز ونگ کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

بھیونڈی ( شارف انصاری):- بھیونڈی تعلقہ میں 78.35 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔  جہاں ایک لینڈ بروکر نے 19 سال قبل زمین فروخت کرنے کے لیے جعلی دستاویزات کے ذریعے بلڈر سے کروڑوں روپے ٹھگ لئے ہیں ۔ کونگاؤں پولیس نے لینڈ ایجنٹ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 16 مارچ 2006 سے یکم مارچ 2024 کے درمیان ممبئی کے ماٹونگا کے رہنے والے آشیش چندرکانت شاہ نے ممبئی کے بلڈر دلیپ کمار پھول چند چین سے رابطہ کیا تھا اور انہیں بھیونڈی کے پمپلاس میں 300 ایکڑ زمین خریدنے کے لیے راضی کیا تھا۔  جس کے بعد آشیش شاہ نے مذکورہ بلڈر سے 78 کروڑ 35 لاکھ 51 ہزار 165 روپے لیا تھا اور زمین کی جعلی دستاویزات کی بنیاد پر زمین اپنے نام کر کے فروخت کر دی۔  جس کے بعد مذکورہ بلڈر کو نہ تو زمین کا قبضہ دیا گیا اور نہ ہی اس کی رقم واپس کی گئی۔  جس کے بعد بلڈر کو مسلسل آشیش شاہ سے اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے 19 سال گزر گئے اور جب آشیش شاہ نے رقم واپس نہ کرنے پر اسے دھمکیاں دینا شروع کیں تو اس نے کرائم برانچ کے ایک تحریری خط کے ذریعے تھانے اکنامک ڈپارٹمنٹ کو اپنے ساتھ دھوکہ دہی کی شکایت کی۔ جس کے بعد شکایت کنندہ کی طرف سے دیے گئے شکایتی خط کی جانچ کے بعد کل منگل کو کونگاون پولیس اسٹیشن نے ممبئی کے رہائشی دلیپ کمار پھول چند جین کی شکایت پر ممبئی ماٹونگا کے رہائشی آشیش چندرکانت شاہ کے خلاف تعزیرات ہند کے مطابق کرائم رجسٹر نمبر 1082/2024 میں 420، 406، دفعہ 467 468 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔  اس معاملے کی تفتیش اکنامک آفینس ونگ کی سینئر پولیس انسپکٹر نیلیما پوار کر رہی ہیں۔