رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج میں سالانہ کھیل کود کا رنگا رنگ افتتاح

تاثیر  18  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بھیونڈی ( شارف انصاری ):- شہر کے مشہور و معروف تعلیمی ادارے رئیس ہائی اسکول ا ینڈ جونیر کالج، بھیونڈی کے عظیم الشان گراؤنڈ پر ریڈ،بلیو،یلواور گرین ہا ؤس کے درمیان ہونے والے سہ روزہ سالانہ کھیل کود کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب بروز منگل 17 دسمبر 2024  کو  دوپہر تین بجے منعقد ہوئی۔ مہما ن خاص کی حیثیت سے سابق ڈائریکٹر،اکاونٹ اینڈ ٹریزریز،حکومت مہاراشٹر جناب صا دق قادری نے محفل کو رونق بخشی۔مہمان اعزازی کے طور پر انجینئر محسن عبدالعزیز جاٹو شریک ہوئے۔ ان کے علاو ہ کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر الماز فقیہ، نائب صدرایڈوکیٹ یٰسین مومن،اعزازی جنرل سکریٹری دانیال قاضی،خازن فہد مصدق بوبیرے، چیر من اسپورٹس کمیٹی دانش مدعو، انجینئردرّاج کامنکر،رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کے چیرمن یاسر عبدالقیوم تاتلی و دیگر عہدے داران و اراکین سوسائٹی موجود تھے۔ مہمانان کے ہاتھوں پرچم کشائی، کبوتروں کی پرواز،آسمان میں غبارے چھوڑنے کے بعد مہمانان کے ذریعے مشعل روشن کی گئی۔ مشعل بردار طلبا نے میدان کا چکر لگا کر کھیل کا افتتاح کیا۔ پرنسپل ضیا ء الرحمن انصاری نے مہمانان کا تعارف و استقبال کیا اور ان کی خدمت میں تحائف پیش کیے۔تعارف و گل پیشی کے بعد مختلف جماعتوں کے طلبہ نے مارچ پاسٹ کے ذریعے مہمانوں کو سلامی پیش کی. مصیب مومن سر کی رہنمائی میں طلبا کے ذریعے ٹیبلو (ہم ہیں چیمپین) کی پیش کش کو ناظرین نے خوب پسند کیا۔جسمانی قواعد میں سیکنڈری اسکول کے طلبہ کی ہم آہنگی نے مہمانان کا دل جیت لیا۔ محترمہ شاہ عائشہ اور محترمہ مبشرہ کی رہنمائی میں جونیر کالج کی طالبات نے بہترین جسمانی قواعد کا مظاہرہ کیا۔  اقرا شیخ اور اختر مومن کی رہنمائی میں سیلف ڈیفنس،شارٹ فائٹ اور جمناسٹک کا بہترین مظاہرہ پیش کیا گیا۔مختلف پیرا مڈ (اہرام) کے مناظر بھی پیش کیے گئے .عبداللطیف پنگارکر سر کی رہنمائی میں طلبا کے ذریعے مارشل آرٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔گراؤنڈ میں موجود طلبہ،والدین اور اساتذہ نے تمام مظاہروں پر تالی بجا کرخوشی کا اظہار کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ششم کلاس کے طالب علم شیخ محمد صادق افضال نے طلبہ کو ایمان دارانہ طریقے سے کھیلنے اور کھیل کی روایت کو قائم رکھنے کا عہد دلایا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ طلبہ نے نعت اور ترانہ رئیس اور جونیر کالج کی طالبات نے حب الوطنی گیت بہترین انداز میں پیش کیا۔۔ مہمانِ خاص  جناب صادق قادری نے طلبا کے ذریعے پیش کردہ کرتب اور اسٹنٹس کی خوب پذیرائی کی اور طلبا اور ان کے رہنما اساتذہ کو خصوصی مبار ک باد پیش کی۔ اس موقع پر الماز فقیہ، دانیال قاضی،یاسر تاتلی اور دانش مدعو صاحبان نے بھی طلبا سے خطاب کیا اور ان کے تمام مظاہروں کو خوب سرا ہا اور طلبا اور ان کے رہنما اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی نیز  اپنے خطاب میں طلبہ کو مشورہ دیا کہ کامیابی کے لیے مسلسل محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔کسی بھی فیلڈ میں کامیابی کے لیے مقصد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھتے رہنے سے کامیابی ضرور حاصل ہوتی ہے۔ اس شان دار تقریب کی نظامت اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو نے انجام دی۔ پروگرا م کو کامیابی سے ہم کنار کرنے میں  ذاکر انصاری،ا عجاز ہاشمی،عبداللطیف پنگارکر،مصیب مومن شاہ عائشہ،محترمہ مبشرہ، شاکر شیخ، نیز جملہ اساتذہ نے اہم کردار ادا کیا۔ناظم جلسہ مخلص مدعو سر نے حاضرینِ محفل کا شکریہ ادا کیا۔ بارہویں سائنس کی طالبہ ا نصاری سنبل محمد انور کے ذریعے راشٹر گیت پڑھنے کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔پوری تقریب میں طلبہ نے بہترین نظم و نسق کا مظاہرہ کیا۔