تاثیر 5 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
۔ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار نے نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا
ممبئی، 05 دسمبر:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قانون ساز(لیجسلیٹو) پارٹی کے رہنما دیویندر فڑنویس نے جمعرات کو آزاد میدان میں تیسری بار مہاراشٹر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اب دیویندر فڑنویس مہاراشٹر کے 21ویں وزیر اعلی بن گئے ہیں۔ ان کے ساتھ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ اجیت پوار نے آج چھٹی بار نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا ہے۔
دیویندر فڑنویس نے 2014 میں پہلی بار مہاراشٹر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا تھا اور پانچ سال تک ریاست کے وزیر اعلیٰ رہے۔ اس کے بعد وہ 2019 میں دوسری بار وزیر اعلیٰ بنے لیکن صرف تین دن تک وزیر اعلیٰ رہ سکے۔ بدھ کی دو پہر کو بی جے پی لیجسلیٹوپارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد، وہ اپنے حلیف شیوسینا لیڈر اور نگراں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور این سی پی صدر اجیت پوار کے ساتھ راج بھون گئے اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ فڑنویس حکومت کو حمایت کا خط دینے کے باوجود ایکناتھ شندے حلف برداری کی تقریب کے آخری لمحے تک اس کشمکش میں تھے کہ آیا وہ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے یا نہیں۔