تاثیر 8 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
گورکھپور، 07 دسمبر: اترپردیش کے ضلع گورکھپور کے کینٹ تھانہ علاقے میں جمعہ کی رات دیر گئے ایک سڑک حادثے میں دو بچوں سمیت پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے میں تین دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سڑک حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گورو گروور نے بتایا کہ گورکھپور شہر کے موحدی پور میں کینال روڈ کے قریب جمعہ کی دیر رات تین موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار باپ اور دو بیٹیاں جاں بحق اور دوسری موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے میں ماں بیٹے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ لاشوں کی شناخت موحدی پور پاور ہاؤس کے ساکن وکرانت (34) اور اس کی دو سالہ بیٹی لاڈو، ایک سال کی دوسری بیٹی کے طور پر کی گئی ہے۔ مرنے والے دو نوجوانوں کی شناخت مونو چوہان (32) رستم پور اور سورج (28) ساکن بیٹی ہاٹا ہنومان مندر کے طور پر کی گئی ہے۔ حادثے میں وکرانت کی بیوی نکیتا (30) اور پانچ سالہ بیٹا انگد زخمی ہوگئے، جب کہ تیسرے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔