تاثیر 23 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ہریدوار، 23 دسمبر: کانگریس کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بارے میں پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ امت شاہ کے ریمارک پر بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے امت شاہ کے بیان کو نہ صرف ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین قرار دیا بلکہ اس سے کروڑوں ہم وطنوں کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔
پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ہریش راوت نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے جس طرح سے راجیہ سبھا میں آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بارے میں تضحیک آمیز تبصرہ کیا وہ قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔ یہی نہیں، اپنے بیان سے توجہ ہٹانے کے لیے بی جے پی نے پارلیمنٹ کے باہر جو ڈرامہ رچایا اور جس طرح جھوٹ پھیلا کر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی اندر سے کتنی خوفزدہ ہے۔