تاثیر 6 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
گریٹر نوئیڈا، 6 دسمبر: اپنے مطالبات کو لے کر کسانوں کا احتجاج جمعہ کو بھی جاری رہا۔ آج خواتین اور کسانوں کی بڑی تعداد دہلی کی طرف مارچ کرنے پاری چوک پہنچی، لیکن وہاں تعینات پولیس فورس نے انہیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ اس دوران خواتین اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ کسانوں نے پولیس انتظامیہ اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔آج صبح سے ہی متحدہ کسان مورچہ کے رہنما سوشل میڈیا پر تحریک جاری رکھنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ وہ لوگوں کو زیرو پوائنٹ پر پہنچنے کے بعد دہلی کی طرف مارچ کرنے کی دعوت دے رہے تھے۔ اس وجہ سے یمنا ایکسپریس وے کے زیرو پوائنٹ پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے۔ وہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں تھی۔ دوپہر کو کسان لیڈر سکھبیر خلیفہ کی قیادت میں خواتین کے ساتھ کسان نعرے لگاتے ہوئے پاری چوک پہنچے۔ اے ڈی پی سی اشوک کمار پہلے ہی بھاری پولیس فورس کے ساتھ پاری چوک پر تعینات تھے۔ پولیس، پی اے سی اور آر پی ایف کے اہلکاروں نے کسانوں اور خواتین کو گھیر کر گرفتار کر لیا۔

