ھیونڈی میونسپل کارپوریشن کا دوہرا معیار

تاثیر  2  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چھوٹے کاروباریوں کے غیر قانونی بینرز ہورڈنگز پر ایکشن مگر سیاست دانوں کے نیک خواہشات کے بینرز پر رعایت

بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر اور کمشنر اجے ویدیا کے حکم پر افسران نے میونسپل کارپوریشن علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے ساتھ ساتھ شہر میں لگائے گئے غیر قانونی بینر ہورڈنگس کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے۔  گزشتہ دو دنوں میں میونسپل کارپوریشن کی دو پربھاگ سمیتی کے اسسٹنٹ کمشنر نے شہر میں غیر قانونی طور پر بینرز لگانے والے مجموعی طور پر 18 افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرائے ہیں۔  اس کارروائی سے غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں اور بغیر اجازت بینر ہورڈنگ لگانے والوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔  لیکن شہریوں کا الزام ہے کہ میونسپل کارپوریشن شہر میں قائدین کی جانب سے لگائے گئے غیر قانونی نیک خواہشات کے بینرز پر کاروائی کو نظر انداز کر رہی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق پربھاگ سمیتی 1 کے اسسٹنٹ کمشنر راجندر ورلیکر اور ان کی ٹیم نے کل شام 5 بجے کے قریب نائیگاوں علاقہ میں تین غیر قانونی بینر لگانے والوں کے خلاف شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا ہے۔  مذکورہ کارروائی کے بعد شہر میں چرچا ہے کہ کارپوریشن کاروائی میں دوہرا معیار اپنا رہی ہے ۔ باشعور شہریوں کا الزام ہے کہ میونسپل کارپوریشن صرف چھوٹے کاروباریوں کے اشتہاری بینرز کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جبکہ اسمبلی انتخابات ختم ہونے کے باوجود شہر کے بڑے لیڈروں کو نیک خواہشات کے بینرز لگانے پر میونسپل کارپوریشن کے افسران کوئی کاروائی نہیں کر رہے ہیں اور اس پر توجہ دی جا رہی ہے بلکہ سیاسی لیڈران کے دباؤ میں کاروائی کرنے سے کارپوریشن افسران ہچکچاہٹ کا شکار ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب قوانین سب کے لیے برابر ہیں تو میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بینرز کے خلاف کارروائی میں امتیازی سلوک کیوں کیا جا رہا ہے۔  اس قسم کا سوال بھیونڈیکر اٹھا رہے ہیں۔