شام میں انٹیلی جنس عمارتوں سمیت سکیورٹی سکوائر پر اسرائیلی بمباری

تاثیر  9  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دمشق،09دسمبر:اتوار کی شام دمشق میں سکیورٹی ہیڈ کوارٹرز کی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ اے ایف پی کے نامہ نگاروں اور سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ یہ آگ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے لگی ہے۔ ایجنسی فرانس پریس کے فوٹوگرافر نے دمشق کے سکیورٹی سکوائر کے علاقے سے آگ اٹھتی دیکھی۔ اس سکوائر میں ملٹری انٹیلی جنس سمیت سیکیورٹی ہیڈ کوارٹر بھی موجود ہے۔ ایک اور محلے میں ایک اور فوٹوگرافر نے فوجداری سکیورٹی برانچ کی عمارت میں بھی آگ بھڑکتے ہوئے دیکھی۔اے ایف پی کے نمائندے نے بتایا کہ دارالحکومت دمشق کے عباسی ضلع میں امیگریشن اور پاسپورٹ سینٹر میں بھی آگ بھڑک اٹھی ہے۔ آبزرویٹری نے کہا کہ اسرائیلی حملوں نے دمشق میں سابق حکومتی فورسز کے ہیڈ کوارٹر، انٹیلی جنس اور کسٹمز کی عمارتوں کے قریب سکیورٹی سکوائر کو نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے وہاں آگ بھڑک اٹھی ہے۔