جوان کے گھر سے ہوئی 25 لاکھ مالیت کے زیورات کی چوری

 

        سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع کارکاٹ تھانہ علاقہ کے سکہرہ گاؤں میں بھارتی بحریہ میں تعینات دیپک کمار کے گھر سے لاکھوں روپئے کی چوری کا معاملہ ہوا ہے ۔ چوروں نے بحریہ جوان کے گھر کے ساتھ ساتھ پڑوسی کے گھر کو بھی نشانہ بنایا ہے ۔  چور انکے گھر کی چھت سے گھر میں داخل ہوئے اور چوری کی واردات کی ۔ بحریہ جوان کا خاندان بکرم گنج میں رہتا ہے اور ایک مارٹ چلاتا ہے ۔ وہ سات دن پہلے سے بکرم گنج میں تھے ۔ شام تقریباً ساڑھے سات بجے جب وہ گاؤں سکہرہ پہنچے مرکزی دروازہ کھول کر گھر میں داخل ہوئے تو دیکھا کہ چور گھر کے اندر گودریج میں رکھے تقریباً 25 لاکھ روپئے کے زیورات چوری کر لے گئے ہیں ۔ گھر میں رکھا دیگر قیمتی سامان بھی چوری کر لیا گیا ہے ۔ الماری، بکس، برتن اور دیگر گھریلو سامان بکھرا پڑا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ سکہرہ گاؤں کے ہی نگینہ سنگھ کے بیٹے نے چوری کیا ہے ۔ بحریہ جوان دیپک کمار کی گزشتہ سال شادی ہوئی تھی ۔ گودریج لاکر میں انکی بیوی اور انکی ماں کے زیورات، نقدی اور دیگر سامان تھے ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد بکرم گنج کے ڈی ایس پی کمار سنجئے، تھانہ صدر پھولدیو چودھری، ایڈیشنل پولس اسٹیشن ہیڈ روی بھوشن کمار اور ایف ایس ایل ٹیم کے ساتھ ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچے اور معلومات حاصل کیا ۔ مذکورہ معاملہ متعلق معلومات دیتے ہوئے ڈی ایس پی نے بتایا کہ ایف ایس ایل اور ڈاگ اسکواڈ کی تحقیقات کے بعد سب واضح ہو جائیگا ۔  متاثرہ نے نامعلوم کے خلاف درخواست دی ہے اور ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے، مزید کارروائی بھی جاری ہے ۔