تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 21 دسمبر:۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال کی مشکلات میں اسمبلی انتخابات سے عین قبل اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو دہلی کی نئی ایکسائز پالیسی کے معاملے میں کیجریوال کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے، جو شروع سے ہی تنازعات میں رہی ہے۔ اس مہینے کے شروع میں، ای ڈی نے کیجریوال کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت مانگی تھی۔
ای ڈی نے اپنی جانچ میں مبینہ طور پر ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور اس پر عمل آوری میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی پائی تھی۔ اس کا ذکر اس سال 17 مئی کو راؤز ایونیو کورٹ میں دائر استغاثہ کی شکایت نمبر 7 میں کیا گیا تھا۔ عدالت نے 9 جولائی کو شکایت کا نوٹس لیا۔ ای ڈی کی استغاثہ کی شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ کیجریوال نے “ساؤتھ گروپ” کے ممبروں کے ساتھ مل کر 100 کروڑ روپے کی رشوت لی اور “ٹیلر میڈ” شراب کی پالیسی بنا کر اور لاگو کر کے نجی اداروں کو ناجائز فائدہ پہنچایا۔