تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جے پور، 20 دسمبر: جمعہ کی صبح جے پور کے اجمیر ہائی وے پر دہلی پبلک اسکول کے سامنے ایک بی پی سی ایل ایل پی جی ٹینکر ایک ٹرک سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے بعد لگنے والی زبردست آگ میں 7 افراد زندہ جل گئے، جب کہ 34 افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ اسپتال انتظامیہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 34 افراد صبح 11 بجے تک ایس ایم ایس اسپتال میں داخل ہیں۔ ان میں سے 5 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ اب تک سات افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزیر میڈیکل کی ہدایت پر ہسپتال میں نئے تعمیر شدہ اسٹیٹ آف دی آرٹ وارڈ کو زخمیوں کے علاج کے لیے وقف کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ آگ میں شدید زخمی ہونے والے افراد کی شناخت اور ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے محکمہ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کی ایک ٹیم بھی تعینات کی گئی ہے جو آدھار نمبر، انگوٹھے کے نشان اور دیگر معلومات کی بنیاد پر مدد فراہم کر رہی ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے بہت بلند ہو رہے تھے۔ جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں پرندے بھی جل کر ہلاک ہوگئے۔ آگ لگنے سے پورے علاقے میں گیس پھیل گئی جس کے باعث لوگوں کو دم گھٹنے اور تقریباً 5 گھنٹے تک آنکھیں جلنے کا سامنا رہا۔
ٹینکر کے پیچھے چلنے والی سلیپر بس جل کر راکھ ہو گئی۔ پائپ فیکٹری میں بھی آگ لگی ہے۔ واقعے میں تین درجن سے زائد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ ان میں سے کئی گاڑیوں میں بیٹھے لوگ باہر نہیں نکل سکے۔ دھماکے اور آگ لگنے سے شاہراہ بند ہوگئی۔