تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 21 دسمبر: ملک کے خود انحصار ہونے کے سفر میں ایک اور تاریخی باب کا اضافہ ہوا، جب بیک وقت دو جنگی جہاز ہندوستانی بحریہ کے حوالے کیے گئے۔ ان میں سے ایک ڈسٹرائر سورت ہے اور دوسرا فریگیٹ نیلگیری۔ ان جہازوں کو ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز ڈیزائن بیورو نے مقامی طور پر ڈیزائن کیا ہے اور مجھگاوں ڈاک لمیٹڈ ( ایم ڈی ایل) نے بنایا ہے۔ بحری بیڑے میں دو جدید ترین جنگی جہازوں کی بیک وقت شمولیت سے ہندوستانی بحریہ کی آپریشنل اور جنگی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
بحریہ کو موصول ہونے والا جہاز’سورت‘ پروجیکٹ 15بی اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز کا چوتھا اور آخری ہے۔ اس سے قبل گزشتہ تین سالوں میں اسی پروجیکٹ کے تین جہاز وشاکھاپٹنم، مورموگاو اور امپھال کو بحری بیڑے میں شامل کیا جا چکا ہے۔ سورت کی ترسیل ہندوستانی بحریہ کے دیسی ساختہ ڈسٹرائر تعمیراتی منصوبے کا اختتام ہے۔ یہ منصوبہ 2021 میں شروع کیا گیا تھا۔ 7,400 ٹن کے مجموعی ٹن وزن اور 164 میٹر کی لمبائی کے ساتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر ہونے کے ناطے، آئی این ایس سورت ایک طاقتور اور ورسٹائل پلیٹ فارم ہے جو جدید ترین ہتھیاروں اور سینسروں سے لیس ہے جس میں سطح سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، اینٹی شپ میزائل اور ٹارپیڈو شامل ہیں۔ اس نے اپنے سمندری تجربات کے دوران 30 ناٹ (56 کلومیٹر فی گھنٹہ) سے زیادہ کی رفتار حاصل کی ہے۔ یہ ہندوستانی بحریہ کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ اے آئی صلاحیت والا جنگی جہاز ہے، جو اس کی آپریشنل کارکردگی میں کئی گنا اضافہ کرے گا۔