تاثیر 14 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 14دسمبر:ایک طرف مودی حکومت 16 دسمبر کو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران ‘ ون نیشن ون الیکشن ‘ بل لانے کی تیاری کر رہی ہے تو دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج بھی شروع ہو گیا ہے۔ پٹنہ میں راشٹریہ جنتا دل کے کارکنوں نے پوسٹر لگا کر اس کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ پوسٹر میں لالو یادو ، تیجسوی یادو اور رابڑی دیوی کی تصویریں ہیں اور ان کے حوالے سے مرکزی حکومت سے کچھ سوالات پوچھے گئے ہیں۔آر جے ڈی کے دفتر کے باہر لگے اس پوسٹر میں تیجسوی یادو کی تصویر کے ساتھ لکھا ہے ، ‘ ایک قوم ایک تعلیم کیوں نہیں ؟ ہمارے ملک میں کوئی نوجوان بے روزگار نہ رہے ، یہ اصول کیوں نہیں ہے ؟ ‘ ایک ملک ایک الیکشن تو ایک عوامی سہولت کیوں نہیں ؟ آر جے ڈی صدر لالو یادو کی تصویر کے آگے کیپشن لکھا ہے ، ‘ صدر کا بچہ ہو یا بھنگی کا بچہ ، سب کی تعلیم ایک جیسی ہو۔ساتھ ہی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی تصویر کے ساتھ صحت سے متعلق سوالات پوچھے گئے ہیں۔ لکھا ہے ، ‘ ایک قوم ایک علاج (صحت کی خدمت) کیوں نہیں ؟