بھیونڈی ( شارف انصاری):- بھیونڈی شہر میں لڑکوں کی تعلیم کے معروف ادارے رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول میں سالانہ کھیل کود کے مقابلوں کا آغاز ہوا۔ ١٠ دسمبر ٢٠٢٤،بروز منگل کو اسپورٹس کے افتتاح کا رنگا رنگ پروگرام اسکول ہذا کے گراؤنڈ آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا جس میں مہمانان اعزازی کے طور پر کے ایم ای سوسائٹی کے پیٹرن ممبر اور شہر کے سینئر معالج ڈاکٹر صبیح سید اور اسکول ہذا کے سابق طالب علم اور معروف ڈینٹل سرجن ڈاکٹر عتیق شیخ نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ کے ایم ای سوسائٹی کے نائب صدر ایڈوکیٹ یسین مومن، جنرل سیکریٹری دانیال قاضی ،اسپورٹس کمیٹی کےچیئرمین دانش مدعو ،اسکول کمیٹی کے چیئرمین نوح پٹیل،پیٹرن ممبر سرور پٹیل اور اراکین و مدعوئین کمیٹی اور دیگر مہمانان موجود طلبہ و اساتذہ کا حوصلہ بڑھانے کے لئے موجود تھے۔ اس موقع پر طلبہ نے ماس ڈرل، پی ٹی،لیزم اور ڈمبل شو ،پیرامڈ اور مختلف جسمانی کتب بازی کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں مہمانان کے ذریعہ ٹاس کرکے کبڈی اور ڈاج بال کے کھیلوں کا افتتاح بھی کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کی نظامت معاون ہیڈ ماسٹر شفیع پٹیل،ظفرعالم خان،مجاز بھورے اور وسیم اختر انصاری کے ذریعہ بہترین انداز میں انجام دی گئی۔اسکول ہذا کے سربراہ پرنسپل محمد شبیر فاروقی نے افتتاحی کلمات ادا کئے اور طلبہ کو موبائل فون کے بکثرت استعمال سے بچتے ہوئے کھیل کود اور دیگر صحت مند و تعمیری سرگرمیوں میں باقاعدگی سے شریک ہونے کی اپیل کی۔ ڈاکٹر صبیح سید، ڈاکٹر عتیق شیخ، ایڈوکیٹ یسین مومن،دانیال قاضی،دانش مدعو نے بھی طلبہ سے خطاب کیا اور صحت و تندرستی اور کھیل کود کے متعلق مفید مشوروں سے نوازا۔ پروگرام کا آغاز طلبہ کے ذریعہ تلاوت و ترجمہ سے کیا گیا جب کہ کھیل کے مقابلوں میں اسپورٹس مین اسپرٹ قائم رکھنے کے لئے ایک طالب علم نے عہد نامہ بھی پڑھا جسے ساتھی طلبہ نے دوہرایا۔ اس تقریب میں طلبہ کو اسمبلی شاندار پیشکش کے لئے معاون ہیڈ ماسٹر شفیع پٹیل، سپروائزر فہیم پٹیل کی نگرانی میں اسکول کے فعال اساتذہ عامر بھورے ،مسیح برڈی،وسیم اختر اور وسیم شیخ کی بہترین رہنمائی حاصل ہوئی تھی۔مجموعی طور پر یہ سالانہ پروگرام بےحد کامیاب رہا اور سبھی مہمانان و طلبہ نے اسے بےحد پسند کیا۔

