تاثیر 11 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 11 دسمبر: پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران بدھ کو راجیہ سبھا ہاؤس کا اجلاس اپوزیشن اور حزب اختلاف کے ارکان کے ہنگامہ آرائی سے متاثر ہوا۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان ڈپٹی چیئرمین نے ایوان کا اجلاس پہلے 12 بجے تک اور بعد ازاں جمعرات تک ملتوی کردیا۔
آج صبح جیسے ہی ایوان بالا کی کارروائی شروع ہوئی، حکمراں جماعت کی جانب سے جارج سوروس اور کانگریس لیڈر کے درمیان تعلقات پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے جانے لگے۔ اس ہنگامہ آرائی کے درمیان ڈپٹی چیئرمین نے سب سے پہلے ایوان کا اجلاس 12 بجے تک ملتوی کردیا۔ اس کے بعد جیسے ہی دوبارہ کاروائی شروع ہوئی دونوں پارٹیوں میں پھر سے ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔
کاروائی شروع ہوتے ہی کرن رجیجو نے چیئرمین کے خلاف اپوزیشن کے عدم اعتماد کی تحریک کی مذمت کی اور کہا کہ راجیہ سبھا کے چیئرمین ہمارے رہنما ہیں۔ ایوان کا کام ٹھیک طریقے سے چلانے کے لیے ہمیں کرسی کی بات سننی چاہیے۔ کانگریس اور اس کے اتحادیوں نے ہمیشہ دھنکھڑ کی توہین کی ہے۔