تاثیر 5 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 5 دسمبر:شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے 42ویں یومِ تاسیس پر جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کی حکومت کا اولین مقصد اس ادارے کی خودمختاری بحال کرنا، عملے کی کمی کو پورا کرنا اور جدید طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسکمز نے تمام تر مشکلات، مالی رکاوٹوں، پرانے آلات اور عملے کی قلت کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام کی خدمت میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ادارے کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا جو ناکافی سہولیات کے باوجود مریضوں کے بے پناہ دباؤ کو کامیابی سے سنبھال رہی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ اسکمز کی خودمختاری، جو کبھی اس کی موثر کارکردگی کی علامت تھی، حالیہ برسوں میں متاثر ہوئی ہے، جس سے ادارے کے انتظامی امور پر منفی اثر پڑا ہے۔ انہوں نے بجلی کے بار بار تعطل، آکسیجن پلانٹ کی خرابی، اور خریداری کے پیچیدہ عمل جیسے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔