تاثیر 4 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جنوبی کوریا، 4 دسمبر:جنوبی کوریا میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدر یون سوک یول اور ان کے کئی سینئر سیکورٹی معاونین کے خلاف’بغاوت‘ کے الزام میں مقدمہ دائر کرے گی۔تفصیلات کے مطابق ‘ڈیموکریٹک پارٹی’ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم صدر، وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور فوج اور پولیس میں مرکزی شخصیات کے خلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کریں گے جو ملک میں مارشل لاء کے اعلان میں ملوث ہیں‘۔واضح رہے کہ ملک کی اپوزیشن پارلیمنٹ کے ذریعے صدر کو معزول کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔حزب اختلاف کی مرکزی جماعت نے صدر یون سوک یول سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر انھیں معزولی کے اقدامات کا سامنا کرنا ہو گا۔ یہ پیش رفت صدر کی جانب سے ملک میں نافذ کیے گئے مارشل لاء کو ختم کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئی۔صدر یول نے منگل کی شام اچانک ملک میں ہنگامی مارشل لاء نافذ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ ان کے نزدیک اس اقدام کا مقصد “ریاست معاند قوتوں” کا خاتمہ ہے۔

