تاثیر 10 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
منیلا، 10 دسمبر: فلپائن میں کینلاون آتش فشاں کے پھٹنے سے نیگروس جزیرے کے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سائنسدانوں نے کینلاون آتش فشاں کے چھ کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے تقریباً 54 ہزار لوگوں کو فوری طور پر دوسری جگہ منتقل ہونے کو کہا ہے۔ یہ صورتحال پیر کی سہ پہر 3 بجکر 3 منٹ پر اس آتش فشاں کی چوٹی پر زور دار دھماکے کی وجہ سے پیش آئی۔ پلک جھپکتے ہی راکھ کا بادل 3000 میٹر بلند ہو گیا۔ راکھ کا یہ بادل مغرب اور جنوب مغرب کی طرف پھیل گیا۔
فلپائنی انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی کے سربراہ ٹریسیٹو باکولکول نے پیر کو ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ ایک بار پھر زیادہ زور دار دھماکہ ہو۔ فیوولکس نے کہا کہ آتش فشاں کی چوٹی سے چھ کلومیٹر کے علاقے کو فوری طور پر خالی کرالیا جائے۔ یہاں کے لوگوں کو فوری طور پر وہاں سے نکالنا ہو گا۔ بارش ہوئی تو حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل یہ آتش فشاں رواں سال 3 جون کو پھٹا تھا۔ اس کے بعد بھی لوگوں کو خبردار کیا گیا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو کہا گیا۔