مجلس علم و ادب کے زیر اہتمام رئیس جونیئر کالج کے نو آموزقلم کاروں کی شاندارپیش کش

تاثیر  10  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بھیونڈی ( شارف انصاری ):- شہر کا مشہور و معروف تعلیمی ادارہ رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج،بھیونڈی طلبہ کی ہمہ جہت نشو و نما کے تئیں نہ صرف فکر مند رہتا ہے بلکہ وقتاً فوقتاً متنوع سرگرمیوں کے ذریعے ان کی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے نیز گوناگوں صفات کو ظاہر کرنے میں بھی پیش پیش رہتا ہے۔ اسی سلسلے میں پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری کی تحریک پرگزشتہ دنوں مجلس علم و ادب کی تشکیل عمل میں آئی اور مجلس کے تحت اردو بسیرا آڈیٹوریم میں پیر 9دسمبر 2024کو نو آموز قلم کاروں کی تیسری تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت کے ایم ای سو سائٹی کے نائب صدر ایڈوکیٹ یاسین عبدالجلیل مومن نے فرمائی۔ سوسائٹی کے اعزازی جنرل سکریٹری دانیال قاضی نے بھی تقریب کو رونق بخشی۔ معروف شاعر،ادیب انشائیہ نگار محمد رفیع انصاری مہمانِ خاص کی حیثیت سے موجود تھے۔ افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے ضیاء الرحمٰن انصاری سر نے واضح کیا کہ مجلس علم و ادب جونیر کالج میں طلبہ کی زبان و ادب اور علومِ جدید میں تحریری اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ انجمن کا مقصد طلبہ کو اپنی طبع زاد ادبی تخلیقات نیز مختلف نصابی مضامین کے ساتھ ساتھ دیگر علوم سے متعلق ان کی معلومات کو مختلف زبانوں مثلاً اردو، انگریزی، ہندی اور مراٹھی میں پیش کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا اور اس طرح ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ پانے کے امکانات روشن کرنا ہے۔ اس مقصد کی حصول یابی کے لیے ایسے طلبہ کی شناخت اور ان کی تخلیقات کی پیش کش کے لیے مناسب وقفوں سے محفلوں کا انعقاد کرنے نیز لائقِ اشاعت تخلیقات کو جریدوں اور اخباروں میں شائع کرنے کا اہتمام کرنے جیسی ذمے داری اراکینِ مجلس کی ہوگی جو زبان دانی کے اساتذہ ہیں۔صدر جلسہ ایڈووکیٹ یاسین مومن نے صدارتی خطبے میں اس منفرد اقدام کی ستائش کی اور طلبہ کی پیش کردہ تخلیقات سے لطف اندوزی کا بھرپور اظہار کیا نیز طلبہ کو ان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں دیں۔ تقریب کے خاص مہمان محمد رفیع انصاری نے جونیر کالج کے آرٹس، سائنس اور کامرس شعبہ کے پندرہ طلبہ کی طبع زاد تخلیقات سننے کے بعد تاثرات پیش کرتے ہوئے خوش گوار حیرت کا برملا اظہار کیا اور مفید مشوروں سے نوازا۔  رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کے چئیرمین یاسر تاتلی نے اپنے تاثرات میں طلبہ کے ذریعے پیش کیے گئے طبع زاد تخلیقات کی بہترین پیش کش پر مبارک باد پیش کی۔اس موقع پر وائس پرنسپل عامر صدیقی، اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو، وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹرکے کوآرڈِنیٹر عبدالعزیز انصاری، عبدالحسیب جامعی صاحبان نے اپنی موجودگی سے نو آموز قلم کارکی حیثیت سے شریک ہونے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر پروگرام میں شریک سبھی طلبہ کی خدمت میں کتابوں کا تحفہ پیش کیا گیا۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نظامت اور مہمانان کے تعارف کا فریضہ جو نئیر کالج کی معلمہ حنا فرحین نے احسن طریقے سے نبھایا۔آپ نے قلم کار طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنی ایک فکر انگیز نظم” لفظ” بھی پیش کی۔ رسم شکریہ پر پروگرام اختتام پزیر ہوا۔