تاثیر 09 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 9 جنوری : اتر پردیش میں انکم ٹیکس محکمہ کی ٹیموں نے جمعرات کو ایک ساتھ اوربٹ گروپ کے نو سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے جن میں گورکھپور اور لکھنؤ بھی شامل ہیں۔ جیسے ہی لکھنؤ شہر کے آس پاس زمین کی خرید و فروخت کا اپنا بڑا کاروبار پھیلانے والے اوربٹ گروپ کے ٹھکانوں پر چھاپے کی خبر پھیلی تو اس کے ملازمین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس کی ایک ٹیم گورکھپور میں اوربٹ گروپ کے ڈائریکٹروں کی رہائش گاہ پر پہنچی اور انکم ٹیکس سے متعلق دستاویزات کی چھان بین کی۔ محکمہ انکم ٹیکس کے جوائنٹ کمشنر آلوک سنگھ اور رویندر کور سینی کی قیادت میں آٹوموبائل اور رئیل اسٹیٹ کے دفاتر، رہائش گاہوں، پرانے پروجیکٹ دفاتر اور اوربٹ کے ڈائریکٹروں کے ایجنٹوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے تمام لین دین کی فائلوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ گروپ کے ڈائریکٹر آنند مشرا اور ابھیشیک اگروال سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔