تاثیر 24 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد۔24 ، جنوری :حیدرآباد ایئر پورٹ میٹرو اتھارٹی نے میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کی توسیع میاں پور تا پٹن چیرو کی تفصیلات کا اعلان کیا ہے۔ میاں پور تا پٹن چیرو 13 کلو میٹر تک میٹرو ریل کاریڈور کی تعمیر میں 10 میٹرو اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں۔ میاں پور تاپٹن چیرو ایلویٹیڈ کاریڈور میں میٹرو ریل کی آمدورفت رہے گی۔ دوسرے مرحلے میں تعمیر کئے جانے والے کاریڈور 7 میں میاں پورتاپٹن چیرو شامل ہیں جس کی تعمیرات پر 4107 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔
میاں پور میٹرو اسٹیشن سے شروع ہونے والے اس پراجکٹ میں میاں پور کراس روڈ۔ آلوین کراس روڈ، مدینہ گوڑہ، چندا نگر، بی ایچ ای ایل ، جیوتی نگر، بیرم گوڑہ، رامچندرا پورم، اکریساٹ، پٹن چیرو میں میٹرو اسٹیشنس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اس راہداری پر 2028 تک کم از کم 1.65لاکھ مسافرین کے سفر کے امکانات ہیں۔حیدرآبادتا سنگاریڈی میٹرو ریل چلانے کی تجویز پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔