دہلی اسمبلی میں نجف گڑھ کا نام بدل کر ناہرگڑھ کرنے کا مطالبہ

تاثیر 27  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 27 فروری : بی جے پی رکن اسمبلی نیلم پہلوان نے جمعرات کو اسمبلی میں اپنے حلقہ انتخاب نجف گڑھ کا نام بدل کر ناہر گڑھ کرنے کی اپیل کی۔ نیلم پہلوان نجف گڑھ سے منتخب ہوئی ہیں اور آج پہلی بار ایوان میں بول رہی تھیں۔
دہلی اسمبلی میں انہوں نے کہا کہ نجف گڑھ کے علاقے نے مغل دور میں بہت نقصان اٹھایا۔ راجہ ناہر سنگھ نے 1857 کے انقلاب میں حصہ لیا اور اس خطے کو دہلی کے تحت لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نجف گڑھ کا نام بدل کر ان کے نام پر ناہر گڑھ کرنے کی کئی اپیلیں کی گئیں۔ جب وزیر پرویش ورما رکن پارلیمنٹ تھے تب بھی یہ مسئلہ کئی بار اٹھایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ نیلم نے دیہی دہلی کو ماسٹر پلان میں شامل کرنے اور اپنے علاقے میں میٹرنٹی سینٹر بنانے کے بارے میں بھی بات کی۔
قابل ذکر ہے کہ راجہ نہر سنگھ (1823-1858) ہریانہ کے فرید آباد ضلع میں بلبھ گڑھ کی ریاست کے جاٹ حکمران تھے۔ وہ 1857 کی بغاوت میں شامل تھے۔ فرید آباد کا ناہر سنگھ اسٹیڈیم ان کے نام پر رکھا گیا ہے۔ دہلی میٹرو کی وائلٹ لائن میں واقع بلبھ گڑھ میٹرو اسٹیشن کا نام بھی راجہ ناہر سنگھ کے نام پر رکھا گیا ہے۔
دریں اثناء￿ آر کے پورم کے رکن اسمبلی انل شرما نے بھی آج ایوان میں محمد پور کو مادھو پور کے طور پر خطاب کیا۔ اپنے مقامی مسائل کو اٹھاتے ہوئے انہوں نے محمد پور گاؤں کا نام لیا اور کہا کہ اب اسے مادھو پور کے نام سے جانا جاتا ہے۔