سنبھل جامع مسجد میں رنگ و روغن کرانیکے لئے  الہ آباد ہائی کورٹ میں درخواست

تاثیر 27  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پریاگ راج، 27 فروری : بھارت کے محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) نے آج الہ آباد ہائی کورٹ میں سنبھل جامع مسجد کی پینٹنگ اور مرمت کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر اعتراض اٹھایا۔ کہا کہ مسجد ایک محفوظ عمارت ہے۔ درخواست گزار کو اس میں رنگ و روغن کرانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس پر عدالت نے اے ایس آئی سے جمعہ کو رپورٹ طلب کی ہے۔ رپورٹ کی بنیاد پر عدالت فیصلہ کرے گی کہ عمارت کو نقصان پہنچائے بغیر پینٹنگ کیسے کی جائے گی۔
عدالت نے کہا کہ پینٹنگ تین رکنی کمیٹی کی نگرانی میں کی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے عدالت نے اے ایس آئی، سائنسدان اور انتظامیہ کے ایک افسر پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بنانے پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ تین رکنی کمیٹی مسجد کے احاطے کا معائنہ کرے گی اور فیصلہ کرے گی کہ پینٹنگ کا کام عمارت کو نقصان پہنچائے بغیر کیسے کیا جا سکتا ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ جمعہ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
الہ آباد ہائی کورٹ نے سنبھل جامع مسجد کی پینٹنگ اور مرمت کے لیے داخل عرضی پر سماعت کے لیے 28 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ عدالت نے اے ایس آئی سے پینٹنگ سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔