پاکستان کے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 300 فیصد اضافہ

تاثیر 01  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد، یکم فروری : پاکستان کی وفاقی حکومت نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں تقریباً 300 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت نے اس اضافے کا جواز یہ کہہ کر پیش کیا کہ اب ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہ وفاقی سیکرٹریز کی تنخواہ کے برابر ہوگی۔ ڈان اخبار نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ایک ذریعے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کو جنوری کے مہینے کی نظرثانی شدہ تنخواہ مل گئی ہے۔ سیاسی رقابت کے باوجود قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی کے حال ہی میں ہونے والے اجلاس میں حکمران جماعت اور اپوزیشن ارکان نے اس معاملے پر بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیا تھا۔ا سپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ہر ایم این اے اور سینیٹر کی ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے کرنے کی تجویز کی منظوری دی تھی۔ اس سے قبل ارکان پارلیمنٹ کو 180,000 روپے ماہانہ تنخواہ ملتی تھی۔