تاثیر 06 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
مشرقی چمپارن، 06 فروری : ضلع میں غیر قانونی شراب کا کاروبار کرنے والوں نے چار سالہ معصوم بچے کی جان لے لی۔ واقعہ ضلع کے سگولی تھانہ کے دکشن مان سنگھا پنچایت کے وارڈ نمبر 5 میں سکر ہنا ندی کے کنارے کا ہے، جہاں غیر قانونی شراب کی بھٹی میں گڑھے میں ایک ڈرم کو چھپا کر رکھا گیا تھا۔ اس میں گر کر ڈوبنے سے ایک چار سال کے بچے کی دردناک موت ہوگئی۔ واقعہ کے بعد پورے علاقہ میں غم و غصہ ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سگولی تھانہ کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچے کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ واقعہ کے بارے میں موصولہ اطلاع کے مطابق سگولی تھانہ علاقہ کے دکشن مان سنگھا پنچایت کے وارڈ نمبر پانچ میں سرسوتی کی مورتی کو دیکھنے کے لئے لوگ وہاں پہنچے تھے جہاں اس کی موت ہو گئی تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی نے صدر ڈی ایس پی شیکھر چودھری کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے اور اس معاملے میں فوری کارروائی کی ہے، انہوں نے مذکورہ شراب کے تاجر کی نشاندہی کرکے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی ہے۔