تاثیر 21 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کوچی/نئی دہلی، 21 فروری : مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے جمعہ کو کہا کہ مرکزی حکومت 2047 تک ہندوستان کو 30-35 ٹریلین امریکی ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے تمام ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
مرکزی وزیر تجارت نے یہ بات کوچی میں انویسٹ کیرالہ گلوبل سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام ریاستوں کے ساتھ مل کر ملک کی معیشت کو موجودہ 4 ٹریلین ڈالر سے 2047 تک 30-35 ٹریلین امریکی ڈالر تک لے جانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
گوئل نے کیرالہ انوسٹمنٹ گلوبل سمٹ میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی بحرین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے ) کے لیے بات چیت شروع کریں گے۔ انہوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ اپنے خطاب میں وزیر تجارت و صنعت نے کہا کہ ملک میں ترقی، خوشحالی اور اقتصادی مواقع کے بے مثال صلاحیت موجود ہیں۔
مودی حکومت کی مسلسل حمایت سے کیرالہ انفراسٹرکچر، سیاحت، لاجسٹکس اور برآمدات سمیت شعبوں میں زبردست ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ عالمی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے ریاست اور ہندوستان کے ترقیاتی سفر میں حصہ لیں۔ مرکزی وزیر نے زور دیا کہ ہم تمام ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔