تاثیر 21 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ ، 21 فروری : بہار کے بھوجپور ضلع میں آج صبح پریاگ راج مہاکمبھ سے واپسی کے دوران کار میں سوار چھ مسافروں کی سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں جوڑا اور ان کے دو بچے شامل ہیں۔ یہ حادثہ پٹنہ سے 40 کلومیٹر دور آرہ – موہنیا قومی شاہراہ جگدیش پور تھانہ علاقے میں دلہن گنج بازار واقع ایک پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا۔ عقیدت مندوں کی گاڑی پیچھے سے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ گاڑی میں سفر کرنے والاخاندان پٹنہ کے جکن پور کا رہنے والاتھا۔ مرنے والوں میں چار خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ ان کی شناخت جکن پور واقع سداما کالونی رہائشی آنجہانی وشن دیوپرساد کے بیٹے سنجے کمار(62)، اہلیہ کرونا دیوی (58)، بیٹے لال بابو سنگھ (25)، بیٹی پریم کماری(20)اور پٹنہ کے کمہرار رہائشی آنند سنگھ کی بیٹی آشا کرن (28)، چندر بھوشن پرساد کی بیٹی رانی (25)شامل ہیں۔