وزیرریلوے اشونی وشنو نے پریاگ راج جنکشن پہنچ کر افسران کا شکریہ ادا کیا

تاثیر 27  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مہاکمبھ نگر (پریاگ راج)، 27 فروری : ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو آج پریاگ راج جنکشن پہنچے۔ ریلوے حکام سے ملاقات کی اور مہا کمبھ کے دوران ریلوے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اور ان سے اظہار تشکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہا کمبھ کی تنظیم ہندوستانی ثقافت اور سماجی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ یہ عظیم الشان تقریب وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ممکن ہوئی۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بہار اور مدھیہ پردیش کے وزرائے اعلیٰ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ویشنو نے کہا کہ ان دونوں کے تعاون سے ریلوے نے بہتر تال میل قائم کیا اور عقیدت مندوں کو ہموار سفری سہولیات فراہم کیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ابتدائی طور پر ریلوے نے 13 ہزار ٹرینیں چلانے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم عقیدت مندوں کی غیر متوقع تعداد کے پیش نظر 16 ہزار سے زائد ٹرینیں کامیابی سے چلائی گئیں۔ اس دوران تقریباً 4.5 سے 5 کروڑ عقیدت مند مہا کمبھ میں محفوظ طریقے سے پہنچے اور سنگم میں اسنان کیا۔ ریلوے نے ریاستی پولیس، آر پی ایف، جی آر پی اور ریپڈ ایکشن فورس کے ساتھ بے مثال تال میل قائم کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی ہدایت کے مطابق عقیدت مندوں کو محض ایک بھیڑ سمجھنے کے بجائے ان کے عقیدے اور عقیدت کو ترجیح دی گئی۔ اس نظریے کے ساتھ، ریلوے نے بہت سی اختراعات کیں، جن میں خسرو باغ، جھونسی، نینی، چھیوکی، پریاگ جنکشن اور پریاگ راج جنکشن پر بڑی تیاریاں کی گئیں۔ اس سے مسافروں کو سہولت فراہم کی گئی اور ہجوم کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کیا گیا۔ مہا کمبھ کے اس 45 روزہ میگا ایونٹ میں ریلوے کے مختلف محکموں نے انتہائی مربوط انداز میں کام کیا تاکہ تمام انتظامات ہموار رہیں اور کسی قسم کی افراتفری نہ ہونے دی جائے۔