تاثیر 03 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
۔ سرکاری رہائش گاہ میں پنکھے سے لٹک کر کی خودکشی، اکلوتا بیٹا تھا ایان
پٹنہ، 03 فروری : بہار کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ایم ایل اے شکیل احمد خان کے بیٹے ایان (18) نے پٹنہ میں سرکاری رہائش گاہ پر خودکشی کرلی۔ ایف ایس ایل کی ٹیم جائے وقوعہ سے حقائق جمع کر رہی ہے۔ سکریٹریٹ ڈی ایس پی نے خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔
ایم ایل اے شکیل احمد خان گرڈنی باغ میں ایم ایل اے کی رہائش گاہ میں رہتے ہیں۔ وہیں ان کے بیٹے نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ ایان شکیل احمد خان کا اکلوتا بیٹا تھا۔ اب ان کی ایک ہی بیٹی ہے۔ شکیل خان اس وقت بہار سے باہر ہیں۔ انہیں اپنے بیٹے کی موت کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی کے حالیہ دورہ بہار کے دوران شکیل احمد نے اسٹیج پر ہی راہل سے اپنے بیٹے کا تعارف کرایا تھا۔ ان کے بیٹے نے کچھ دستاویزات راہل گاندھی کو سونپے تھے۔ شکیل احمد خان کٹیہار ضلع کی کدوا اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔ شکیل احمد خان کو بہار کانگریس کا سنیئرلیڈر مانا جاتا ہے۔
پورنیہ کے ایم پی پپو یادو نے کانگریس ایم ایل اے کے بیٹے کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر کہا کہ انہیں اس افسوسناک خبر سے بہت دکھ ہوا ہے۔ میری مکمل تعزیت شکیل بھائی اور ان کے خاندان کے ساتھ ہے لیکن میرے پاس باپ اور ماں کے لیے تسلی کے الفاظ نہیں ہیں۔ ایشور انہیں صبر عطا فرمائے۔

