مغربی کنارا میں فائرنگ کے واقعے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور چھ زخمی

تاثیر 04  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

غزہ،04فروری:مغربی کنارے کے شمال میں تیسیر چیک پوسٹ کے نزدیک فائرنگ کے واقعے میں دو اسرائیلی فوج ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔ یہ بات العربیہ نیوز کے نمائندے نے آج منگل کے روز بتائی۔اس سے قبل فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ نے بتایا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں نے سوسیا گاؤں پر حملہ کیا۔ یہودی آباد کاروں نے کئی گھروں پر پتھراؤ کیا ، پانی کی ٹنکیاں برباد کر دیں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ یہ تفصیلات الخلیل کے جنوب میں واقع علاقے مسافر یطا میں مقامی حکام نے پیر کی شام بتائیں۔
ادھر فلسطینی ہدایت کار باسل عدرا نے ’ایکس‘ ویب سائٹ پر اپنے اکاؤنٹ پر کئی وڈیو کلپ جاری کیے ہیں جن میں مذکورہ حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو دیکھا جا سکتا ہے۔ عدرا نے لکھا کہ ’میں اس وقت مسلح اور ماسک لگائے آباد کاروں کے حصار میں ہوں جو مسافر یطا پر دہشت گرد حملے کی قیادت کر رہے ہیں‘۔