تاثیر 27 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سورت/احمد آباد، 27 فروری : سورت رنگ روڈ پر واقع شیو شکتی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں لگی آگ کے 24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ جس سے ٹیکسٹائل کے تاجروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ خدشہ ہے کہ اس آگ سے 500 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوسکتا ہے۔ سورت کا فائر ڈپارٹمنٹ گزشتہ 24 گھنٹوں سے 40 سے زیادہ فائربریگیڈ گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔
سورت میں شیو شکتی ٹیکسٹائل مارکیٹ کے تہہ خانے میں ایک دن پہلے بدھ کی صبح لگی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ آگ لگنے کو 24 گھنٹے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ فائر بریگیڈ اور فائر بریگیڈ کا عملہ امدادی کاموں میں مسلسل مصروف ہے۔ ادھر رات کے وقت آگ لگنے کا ہولناک منظر ڈرون کیمروں میں قید ہو گیا ہے۔ بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے 800 سے زائد دکانیں متاثر ہوئیں جن میں سے 450 کے قریب دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ اگر تاجروں کی مانیں تو اس زبردست آگ میں 500 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
تاجر نریش جین نے بتایا کہ شیو شکتی مارکیٹ میں آگ لگنے سے تاجروں کو کافی مالی نقصان ہوا ہے۔ حکومت ہمیں ریلیف دے۔ سورت میں ٹیکسٹائل کے تاجر بہت زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ کارپوریشن کو بھی ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ ریاستی حکومت کو ہمارے لیے معاشی پیکیج کا اعلان کرنا چاہیے۔ جن دکانوں میں آگ نہیں لگی، ان کے کاروبار کے مالکان کو فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں یا پولیس کے ساتھ فوری طور پر جانے کی اجازت دی جائے تاکہ وہاں رکھی ان کے حساب کتاب اور دیگر ضروری اشیاء کو باہر نکال کر محفوظ کیا جا سکے۔