چھہ معاملے بے نقاب، 9 لاکھ 28 ہزار مالیت کا سونا برآمد
بھیونڈی ( شارف انصاری):- بھیونڈی کرائم برانچ نے ایک شاطر مجرم کو گرفتار کیا ہے جو پولیس بن کر لوگوں کو ٹھگنے کا کام انجام دیتا تھا۔ پولیس نے اس کے پاس سے 9 لاکھ 28 ہزار روپے مالیت کا سونا برآمد کیا ہے۔ کرائم برانچ نے گرفتار ملزمان کی جانب سے کیے گئے 6 دیگر مقدمات کو بھی بے نقاب کیا ہے۔
پولیس کی جانکاری کے مطابق بھیونڈی کرائم برانچ کی ٹیم نظام پورہ پولیس اسٹیشن میں درج ایک دھوکہ دہی کے معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی۔ اس دوران کرائم برانچ کے پولیس کانسٹیبل امیش ٹھاکر کو ایک خفیہ مخبر سے اطلاع ملی کہ جبار عزیز جعفری (58 سال، ساکن شاہ پور، واشند ایسٹ) راجنولی ناکہ پر آنے والا ہے۔ اطلاع ملتے ہی بھیونڈی کرائم برانچ کے سینئر پولیس انسپکٹر جناردن سوناونے کی رہنمائی میں پولیس سب انسپکٹر رویندر بی۔ پاٹل، پولیس حوالدار ششی کانت یادو، کشور تھورٹ، امیش ٹھاکر، نتن بیسانے وغیرہ پر مشتمل پولیس ٹیم نے سائی بابا ہائی وے پر جال بچھا کر مشتبہ ملزم جبار جعفری کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس کے پاس سے 9 لاکھ 28 ہزار روپے مالیت کے 116 گرام سونے کے زیورات برآمد کر کے ضبط کر لیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ملزمان سے سخت پوچھ گچھ کے دوران چھ وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔ جس میں نظام پورہ، نارپولی، بھوئی واڑہ، سٹی پولس اسٹیشن، وٹھل واڑی اور کلوا پولس اسٹیشن کی حدود میں دھوکہ دہی اور ٹھگی کے کیس درج کیے گئے ہیں۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔