تاثیر 19 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 19 مارچ:ناگپور میں حالیہ تشدد کے سلسلے میں درج فرست انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی اور حملے کی سنگین تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ گنیش پیٹھ پولیس اسٹیشن میں درج رپورٹ کے مطابق، ایک ملزم نے جھڑپ کے دوران آر سی پی اسکواڈ کی ایک خاتون پولیس افسر کی وردی اور جسم کو نامناسب انداز میں چھوا، جبکہ کئی دیگر خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی فحش اشارے اور بدسلوکی کی گئی۔ تاہم، ملزم کی شناخت یا گرفتاری کے بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
شہر میں 17 مارچ کو ہونے والی پرتشدد جھڑپوں کے بعد سخت حفاظتی اقدامات نافذ ہیں، اور 11 تھانوں کے حدود میں کرفیو برقرار رکھا گیا ہے۔ اگرچہ ناگپور کے بیشتر حصوں میں حالات معمول پر آ رہے ہیں، مگر حکام نے حساس علاقوں میں احتیاطی پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔