تاثیر 05 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
امپھال، 5 مارچ: بدھ کو شمال مشرقی ریاستوں کے کئی علاقوں میں دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، آسام، ناگالینڈ اور میگھالیہ کے کچھ حصوں سمیت شمال مشرق کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
منی پور کے کامجونگ ضلع میں بدھ کی صبح 11.06 بجے زلزلے کے پہلے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 تھی۔ اس کے بعد 12 بجکر 20 منٹ پر ایک اور زلزلہ محسوس کیا گیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.3 ریکارڈ کی گئی۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق، پہلے زلزلے کا مرکز منی پور میں کامجونگ کے قریب 24.75° شمالی عرض البلد اور 94.35° مشرقی طول بلد میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ جبکہ دوسرے زلزلے کا مرکز منی پور میں کامجونگ کے قریب 24.55° شمالی عرض البلد اور 94.62° مشرقی طول بلد میں 78.9 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
گوہاٹی میں قائم موسمیاتی مرکز نے تصدیق کی کہ گوہاٹی شہر اور آس پاس کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز منی پور میں تھا تاہم آسام کے گوہاٹی اور میگھالیہ کے کچھ حصوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے سے کسی نقصان کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔