تاثیر 01 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،یکم مارچ : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج نئی دہلی میں منی پور میں سیکورٹی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ 8 مارچ سے منی پور کی تمام سڑکوں پر عوام کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے اور رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وزارت داخلہ کے مطابق، نارتھ بلاک میں منعقدہ میٹنگ میں منی پور کے گورنر اجے کمار بھلا، مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن کمار ڈیکا، فوج کے ڈپٹی چیف، آرمی کمانڈر ایسٹرن کمانڈ، بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور وزارت داخلہ ، فوج اور منی پور انتظامیہ کے کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند منی پور میں دیرپا امن کی بحالی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری مدد فراہم کر رہی ہے۔