تاثیر 20 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ناگپور، 20 مارچ :مہاراشٹر سائبر ڈپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹس پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔ ناگپور سٹی سائبر پولیس اسٹیشن کے ساتھ مل کر کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، جو 17مارچکو ناگپور میں ہونے والے تشدد سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہے تھے۔ تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان میں سے ایک فیس بک اکاؤنٹ بنگلہ دیش سے چلایا جا رہا تھا، جہاں سے بڑے پیمانے پر فسادات بھڑکانے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق، اس بنگلہ دیشی فیس بک اکاؤنٹ سے کیے گئے ایک پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ “ناگپور میں ہونے والا تشدد ایک معمولی واقعہ تھا اور مستقبل میں اس سے بڑے فسادات ہوں گے”۔ ایک اور اشتعال انگیز پوسٹ میں کہا گیا کہ “اب ہم گھروں میں داخل ہوں گے”۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس اکاؤنٹ کو بلاک کر دیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔