تاثیر 20 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکتہ، 20/ مارچ (تاثیر بیورو) انٹرنیشنل ہیپٹو پینکریاٹو، بیلیری ایسوسی ایشن نے اپنے اکیسویں نیشنل کانفرنس کا انعقاد 20 سے 23 مارچ 2025 تک فیر فیلڈ بائی میریئٹ، کولکتہ میں کیا۔ چار روزہ کانفرنس کا موضوع “ایچ پی بی سرجری میں اختراعات اور ترقیات: تحقیق سے جدیدیت تک AI کے دور میں” تھا۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور سرجنز اور ماہرین نے شرکت کی اور ہیپٹو-پینکریاٹو-بیلیری (HPB) سرجری کے جدید ترین پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
کلکتہ میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (CMRI) نے 23 مارچ کو ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں ڈاکٹروں کو HPB سرجری میں ٹیکنالوجی کے جدید رجحانات اور مستقبل سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔ اس تقریب میں معروف طبی ماہرین شریک ہوئے، جن میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر سنجے دی بکشی، آرگنائزنگ سیکرٹری ڈاکٹر سنجے منڈل، اور جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر اجے منڈل شامل تھے۔ اس کے علاوہ CMRI کے ماہرین ڈاکٹر اووک بھٹاچاریہ (ہیڈ آف انٹروینشنل ریڈیالوجی) اور ڈاکٹر سرفراز بیگ نے بھی ورکشاپ میں حصہ لیا۔ اس دوران جدید جراحی تکنیکوں پر خصوصی گفتگو ہوئی، خصوصاً HPB سرجری میں روبوٹکس جیسے نئے عہد کے رجحانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔