شتابدی ایکسپریس میں ہولی کھیلنے والے 8 ملازمین کے خلاف کارروائی، دو برخاست

تاثیر 17  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کانپور، 17 مارچ:کانپور شتابدی ایکسپریس ٹرین کی اے سی چیئر کار کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں صفائی کا عملہ اور پینٹری کار کے عملے کو ہولی کھیلتے اور دارالحکومت دہلی سے کانپور تک ہنگامہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملازمین نے ٹرین کی بوگی کے اندر بہت سے رنگ پھینکے جس سے ٹرین کی سیٹیں بھی گندی ہو گئیں۔ اس معاملے میں آر پی ایف نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سیٹوں کو گندا کرنے کے الزام میں ملزمان کے خلاف کارروائی کی اور آٹھ اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔ جبکہ ٹی ایس سمیت دو کو فارغ کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ ویڈیو 14 مارچ کا ہے۔ راجدھانی دہلی سے کانپور آنے والی شتابدی ایکسپریس کی اے سی چیئر کار میں جب ریلوے پینٹری، صفائی عملہ اور دو دیگر ملازمین نے ہولی کے گانوں پر رقص کیا اور بوگی کے اندر ہولی کھیلی۔ یہی نہیں، اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام صارف دھیرج سنگھ کی آئی ڈی سے لائیو اسٹریم کیا گیا۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی ریلوے حکام نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔