گورنر مغربی بنگال، ڈاکٹر سی وی آنند بوس کے ہاتھوں اے آئی یو ایسٹ زون وائس چانسلرز میٹ 2024-2025 کا شاندار افتتاح

تاثیر 18  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکتہ، 18 مارچ (محمد عمران) جے آئی ایس یونیورسٹی میں منعقدہ اے آئی یو ایسٹ زون وائس چانسلرز میٹ 2024-2025 کا باوقار افتتاح مغربی بنگال کے گورنر ڈاکٹر سی وی آنند بوس نے کیا۔ اس دو روزہ کانفرنس میں مشرقی ہندوستان کی 100 سے زائد یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ماہرین تعلیم اور تعلیمی پالیسی ساز شریک ہیں، جو اعلیٰ تعلیم میں مساوات، تنوع اور پائیداری جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں پروفیسر ونے کمار پاٹھک (صدر، اے آئی یو)، پروفیسر وی این راج شیکھرن پِلّئی (نائب صدر، اے آئی یو)، ڈاکٹر پنکج متل (سیکریٹری جنرل، اے آئی یو)، پروفیسر پریتم چکرورتی (سابق ڈائریکٹر، آئی آئی ٹی کھڑگ پور)، سردار ترنجیت سنگھ (منیجنگ ڈائریکٹر، جے آئی ایس گروپ)، سردار سمر پریت سنگھ (ڈائریکٹر، جے آئی ایس گروپ) اور ڈاکٹر بھابیش بھٹاچاریہ (وائس چانسلر، جے آئی ایس یونیورسٹی) سمیت کئی نامور تعلیمی رہنما موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں”بہترین تعلیمی طریقوں” پر پوسٹر پریزنٹیشنز اور ایجوٹیک نمائش کے ساتھ شروع ہوا۔ اس کے بعد “تعلیم میں جدت، مہارت، درجہ بندی اور تشخیص” پر ایک سیر حاصل مکالمہ منعقد ہوا۔ مزید برآں، “نصاب اور تدریس میں ہندوستانی علم کے نظام (IKS) کا انضمام” اور “کیمپس میں مساوات و تنوع کو فروغ دینا” جیسے تکنیکی سیشنز نے اعلیٰ تعلیم میں شمولیت اور ترقی پسند حکمت عملیوں پر زور دیا گیا، جبکہ دوسرے دن کے سیشنز میں “سبز اور پائیدار کیمپس کی تشکیل” جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے، جس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پائیداری کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اے آئی یو بزنس سیشن اور اختتامی اجلاس میں پائیدار تعلیمی ترقی کے عملی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
اس تعلق سے جے آئی ایس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر، سردار ترنجیت سنگھ نے کانفرنس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ “اے آئی یو ایسٹ زون وائس چانسلرز میٹ صرف ایک کانفرنس نہیں بلکہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مستقبل کو ازسرِ نو تصور دینے کا موقع ہے۔ ہمارا مقصد ایسے ادارے تشکیل دینا ہے جو ہر طالب علم کو بااختیار بنائیں اور ذمہ دارانہ اختراع و عالمی تعلیمی تعاون کو فروغ دیں۔”